کے الیکٹرک کے کسٹمر کیئر سینٹرز یکم جون سے دوبارہ کام شروع کر دیں گے

پاور یوٹیلیٹی بھی بروزپیر، یکم جون، 2020ء سے اپنے تمام کاروباری شعبوں میں معمول کے مطابق آپریشنز شروع کر دے گی

ہفتہ 30 مئی 2020 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) کے الیکٹرک اِس حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جد وجہد ابھی جاری ہے لیکن کراچی اور ملک بھر میں، کاروباری سرگرمیاں بتدریج معمول کی جانب لوٹ رہی ہیں لہٰذاپاور یوٹیلیٹی بھی بروزپیر، یکم جون، 2020ء سے اپنے تمام کاروباری شعبوں میں معمول کے مطابق آپریشنز شروع کر دے گی۔

کے الیکٹرک کی اہم تنصیبات مثلاً پاور پلانٹس ، لوڈ ڈسپیچ سینٹرز اور فیلڈ ٹیمیں پہلے ہیکورونا وائرس کی وباء کے پورے عرصے میں سخت رہنما ہدایات کے تحت کام کررہی ہیں،اور اب کسٹمر کیئر سینٹرز (CCC) بھی، جو مخصوص لوکیشنز پر ،منتخب خدمات انجام دے رہے تھے اب کسٹمر کیئر کی خدمات پوری طرح انجام دینا شروع کر دیں گے۔اِن خدمات میں بلنگ سے تعلق رکھنے والی شکایات ، نئے کنکشنز کی ملتوی شدہ درخواست اور MNCV سے تعلق رکھنے والی شکایات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اب کسٹمر کیئر سینٹرز ،پیر سے جمعرات تک ، صبح9.00 بجے سے سہ پہر 03.00 بجے تک، جمعہ کے دن صبح 9.00 بجے سے دوپہر12.30 بجے تک جبکہ ہفتے کے دن صبح 9.00 بجے سے دوپہر 1.00بجے تک کھلے رہیں گے۔ کسٹمر کیئر سینٹرزوائرس کے پھیلائوکو روکنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے داخلی اور خارجی راہنما ہدایات کے مطابق صحت کی نگہداشت پرسختی سے عمل کریں گے۔ اِن مقامات پر موجود کے الیکٹرک کے عملے کے لیے لازمی ہو گا کہ وہrotational کی بنیاد پر کام کریں اوراُن کی صحت کو روزانہ سیلف ہیلتھ چیکس، جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے جیسے اقدامات کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔

جن لوکیشنز پر ضرورت ہو گی وہاں پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ کے استعمال اور صفائی کے طریقہ کار پر، کے الیکٹرک ہیلتھ کیئر راہنما ہدایات کے مطابق سختی سے عمل کرایا جائے گا۔کسٹمرز کے لیے راہنما ہدایات تمام کسٹمر کیئر سینٹرز پر دستیاب ہوں گی اور ایسے افراد جن میں نزلے یا فلو جیسی علامات موجود ہوں یا اُنہیں تیز بخار ہو، کسٹمر کیئر سینٹر میں داخل ہونے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’اس حقیقت کے باجود کہ کورونا وائرس کی وباء ابھی تک جاری ہے،کے الیکٹرک کے کسٹمر کیئر زسینٹرز پر آپریشنز کی بحالی ، کے الیکٹرک کی جانب سے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔تاہم، وائرس کے پھیلاؤکے خطرے کو کم کرنے کے لیے، کے الیکٹرک کے تمام مراکز پر اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) پر سختی سے عمل کیا جائے گا جن میں ہینڈ سینیٹائزرز کا استعمال، داخلی راستوں پر ٹمپریچر کی اسکریننگ، فیس ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا شامل ہیں۔

تاہم،ان کے اپنے وسیع تر مفاد میں،کے الیکٹرک کے تمام کسٹمرز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اِن سینٹرز کا دورہ صرف انتہائی ضروری کاموں کے سلسلے میں کریں اور ایسی صورت میں جب وہ کمپنی سے رابطے کے لیے ڈیجیٹل اور ورچوئل ذرائع سمیت تمام دیگر آپشنز استعمال کر چکے ہوں۔‘‘کے الیکٹرک نے اپنے ٹچ پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اورصارفین اب پاور یوٹیلیٹی سے 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا پھر سوشل میڈیاپلیٹ فارمز کے ذریعے اور کے ای لائیو (KE Live) کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔ بلوں کی ادائیگی کے لیے کے الیکٹرک نے ای-پیمنٹ کے آپشنزکی وسیع رینج مثلاً موبائل بینکاری اورایزی پیسہ بھی متعارف کرائی ہے۔