پی ٹی آئی کسی کی بیماری پر سیاست نہیںکرتی ،عوام بہترین منصف ہیں وہ درست فیصلہ کریں گے ، ‘ ہمایوں اختر

اتوار 31 مئی 2020 14:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت میں کرپشن کے آگے بند باندھا گیا ہے اور ہمارے سیاسی مخالفین بھی دبے الفاظ میں اس کی تائید کرتے ہیں ،سابقہ ادوار میں سارے نظام کو یر غمال بنایا گیا تھا لیکن آج اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا گیا ہے ، احتساب کے ادارے بھی بغیر کسی دبائو اور رکاوٹ کے اپنا کردار نبھا رہے ہیں جسے اپوزیشن زبردستی سیاسی انتقام سے جوڑ نے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے اپنے دو سال کے عرصے میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور پوری دنیا اس کی معترف ہے ، اس سے پہلے کس دور میں یہ ہوا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروںنے کسی ترقی پذیر ملک کے وزیر اعظم کی اپیل پر نہ صرف قرضوںکو ادائیگوں کو موخر کیا ہے بلکہ حالات سے نمٹنے کیلئے مزید فنڈز بھی جاری کیے گئے ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں بھی شفافیت کا معیار متعارف کرایا ہے اور اب اگر پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے سیاست کرنی ہے تو انہیں بھی اس معیار کی پیروی کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرتی لیکن کیا آج کے دور میں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکتی ہے ، عوام بہترین منصف ہیں اور وہ وقت آنے پر درست فیصلہ بھی کریں گے اور محاسبہ بھی کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کورونا کی وجہ سے انتہائی مشکل حالات کے باوجودمعیشت کی بہتری کیلئے پیشرفت کر رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ خدا کی ذات بھی ہماری مدد کرے گی ۔