فیصل آباد کے ممتاز سیاستدان وسابق ممبر قومی اسمبلی مہر عبدالرشید کو سپردخاک کردیاگیا، نماز جنازہ میں ہرمکتبہ فکر کے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت

پیر 1 جون 2020 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) فیصل آباد کے ممتاز سیاستدان وسابق ممبر قومی اسمبلی مہر عبدالرشیدجو گزشتہ روز عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال پاگئے تھے کو پیر کے روز نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردخاک کردیاگیا۔مرحوم کی نماز جنازہ میں تمام سیاسی ،دینی ،مذہبی ،عوامی ،فلاحی تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں ،صحافیوں ،علماء ،وکلاء ،دانشوروں اور سول سوسائٹی کے ہرمکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مرحوم کی نمازجنازہ جامع امدادیہ فیصل آباد میں اداکی گئی جس کے بعد انہیں فیصل آباد کے مرکزی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیوہ ، 3بیٹیاں ، ایک بیٹا اور بڑی تعداد میں دوست احباب سوگوار چھوڑے ہیں۔ مرحوم کچھ عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے تاہم گزشتہ روز انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ مہر عبدالرشید مرحوم پیپلزپارٹی کے بانی ارکان اور ذوالفقار علی بھٹو کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے علاقائی تعمیر وترقی کیلئے بھی بے مثال خدمات سرانجام دیں۔