وزیراعظم عمران خان سے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی ملاقات

گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک میں ’’پروٹیکٹڈ ایریا انیشیٹو‘‘ شروع کرنے کی منظوری دی

پیر 1 جون 2020 16:55

اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزیراعظم عمران خان نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک میں ’’پروٹیکٹڈ ایریا انیشیٹو‘‘ شروع کرنے کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے یہ منظوری وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے پیر کو یہاں ملاقات کے موقع پر دی ۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات گزشتہ ماہ وزیراعظم کی جانب سے منظور کئے گئے اس پیکیج کے تسلسل میں تھی جس میں کووڈ۔

19 کی وجہ سے بے روزگاری کا سامنا کرنے والے 65 ہزار نوجوانوں، ڈیلی ویجرز کی ملک بھر میں شجرکاری میں خدمات حاصل کرنا شامل ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک میں ’’پروٹیکٹڈ ایریا انیشیٹو‘‘ شروع کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

اس اقدام کے تحت جنگلی حیات اور شجرکاری کے تحفظ کیلئے 12 قومی پارک بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ اس منصوبے پر تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو اعتماد میں لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کووڈ۔19 سے متاثرہ افراد کو ملازمت کے مواقع میسر آ سکیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ملک کے قدرتی وسائل بھی محفوظ ہو سکیں گے۔ وزیر اعظم ’’پروٹیکٹڈ ایریا انیشیٹو‘‘ کا وزارت کی طرف سے فریقین کے ساتھ مشاورتی عمل مکمل ہونے پر جلد افتتاح کریں گے۔

متعلقہ عنوان :