حکومت کوئٹہ شہر میں پٹرول اورڈیزل کی دستیابی کو سرکاری نرخ کے مطابق یقینی بنائے ،جمال شاہ کاکڑ

نااہل حکومت ریلیف دینے کے بجائے عوام کو کورونا وائرس کے بعد ایک کے بعد ایک بحران اور مشکلات سے دوچار کر رہی ہے ،سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی

پیر 1 جون 2020 19:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری وسابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کوئٹہ شہر میں پٹرول اور ڈیزل کی مصنوعی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کوئٹہ شہر میں پٹرول اورڈیزل کی دستیابی کو سرکاری نرخ کے مطابق یقینی بنائے ، نااہل حکومت ریلیف دینے کے بجائے عوام کو کورونا وائرس کے بعد ایک کے بعد ایک بحران اور مشکلات سے دوچار کر رہی ہے حکومت اور انتظامیہ اپنی رٹ بحال رکھنے میں ناکام ہیں ،یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے بعد کوئٹہ شہر میں پیٹرول پمپ مالکان نے ازخود مصنوعی قلت پیدا کردی ہے شہر کے بیش تر پٹرول پمپ بند پڑے ہیں اور جو پمپ کھلے ہیں ان پر مالکان نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑھ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جو صوبائی درالحکومت ہے اگر یہاں یہ صورتحال ہے تو صوبے کے دور دراز علاقوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں پر عوام کس کرب اور پریشانی سے دوچار ہونگے ، انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جب اضافہ ہوتا ہے تو یہی پمپ مالکان اسی وقت مہنگے داموں فروخت شروع کردیتے ہیں البتہ اب جب قیمتوں میں کمی ہوئی شہر میں پیڑول کی مصنوعی قلت پیدا کردی گئی ہے ساتھ ہی پیٹرول پمپس پر پیمانے میں بھی خردبرد کی گئی ہے جس سے صارفین کو مکمل ایندھن نہیں ملتا ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پمپس پر چھاپے لگا کر انکے پیمانے بھی چیک کرے تاکہ ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاسکے ۔