سعودی فضائیہ نے حوثی باغیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنادیا

حوثی باغیوں نے یمن کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے خمیس مشیط شہر کو دو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، سعودی فضائیہ نے ڈرون کو فضا میں نشانہ بناکر گرا دیا: کرنل ترکی المالکی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 1 جون 2020 21:18

سعودی فضائیہ نے حوثی باغیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنادیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون2020ء) سعودی فضائیہ نے حوثی باغیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے یمن کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے خمیس مشیط شہر کو دو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ آج حوثی باغیوں نے سعودی شہر خمیس مشیط کو دو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن سعودی فضائیہ نے ڈرون کو فضا میں ہی نشانہ بناکر گرا دیا۔

کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے یمن کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے سعودی سرزمین پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اتحادی افواج نے انسانی بنیادوں پر 9 اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاہم حوثی ملیشیا کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

حوثی ملیشیا کی طرف سے جنگ بندی کی اب تک 5 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اتحادی افواج حوثی باغیوں کی اس دہشت گردی پر جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔دوسری جانب حوثی باغیوں نے مشرقی صنعا میں نھم ڈائریکٹوریٹ میں سرکاری فوج پرحملے کی کوشش کی مگر جوابی کارروائی میں حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ۔

نھم گورنری میں کارروائی کے دوران 30 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ عرب اتحادی فوج نے نھم کو بھیجی گئی افرادی کمک پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 10 جنگجو ہلاک اور اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار تباہ ہوگئی۔ اتحادی فوج کی بم باری سے نھم میں کم سے کم پانچ فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا۔ یمنی فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ نیشنل آرمی اور اس کی وفادار مزاحمتی فورسز نے نھم ڈاریکٹوریٹ میں نھد العتق، جبال بحرہ اور جنوب مغربی پہاڑی سلسلوں صلب میں حوثی باغیوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔