لاہور کے میڈیکل اسٹورز کرونا وائرس پھیلاو کا باعث بننے لگے

شہر کے 160 میڈیکل اسٹورز میں کام کرنے والے افراد کے حاصل کردہ نمونوں میں سے 10 فیصد کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی

muhammad ali محمد علی منگل 2 جون 2020 00:59

لاہور کے میڈیکل اسٹورز کرونا وائرس پھیلاو کا باعث بننے لگے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2020ء) لاہور کے میڈیکل اسٹورز کرونا وائرس پھیلاو کا باعث بننے لگے، شہر کے 160 میڈیکل اسٹورز میں کام کرنے والے افراد کے حاصل کردہ نمونوں میں سے 10 فیصد کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی۔ اردو نیوز کی شائع کردہ رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کے میڈیکل اسٹورز پر کام کرنے والوں کی بڑی تعداد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز میں کام کرنے والے دس فیصد افراد وائرس کا شکار پائے گئے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے شہر کے 160 میڈیکل اسٹورز میں کام کرنے والے افراد کے نمونے لیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جن افراد کے نمونے لیے گئے ان میں سے 16 افراد یعنی 10 فیصد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اس حوالے سے ماہرن کا کہنا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے ایام میں بھی حکومت نے میڈیکل اسٹورز کو بند نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

شہر میں کئی میڈیکل سٹورز ایسے بھی ہیں جو 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔ شاید اسی وجہ سے میڈیکل اسٹور پر کام کرنے والے افراد کی بڑی تعداد کرونا وائرس کا شکار ہوئی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب کے سیکریٹری برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹین ریٹائرڈ عثمان نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے میڈیکل اسٹورز میں کافی زیادہ تناسب میں کرونا کے مریض پائے گئے۔

ہر بندے کا واسطہ میڈیکل اسٹورز سے ہے ۔ میڈیکل اسٹورز پر کام کرنے والے افراد پوری طرح ایکسپوزڈ ہیں۔ میڈیکل اسٹورز پر کام کرنے والے اور وہاں جانے والے دونوں طرح کے لوگوں سے کرونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے۔ سیکریٹری صحت کا کہنا ہے ان اعداد و شمار کے سامنے آنے پر ایک تفصیلی لائحہ عمل مرتب کیا گیا اور میڈیکل سٹورز کے لیے نئے ایس او پی بنائے گئے، ان پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملکی شہر ہے۔ پنجاب میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے نصف کیسز صرف لاہور سے ہیں۔ جبکہ پیر کے روز سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور شہر میں مشتبہ طور پر اس وقت 6 لاکھ سے زائد کرونا مریض ہیں۔