’’گوگل سکالر‘‘ نے پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار کے تجزیاتی مقالے کو پوری دنیا کے مقالہ جات میں بہترین قرار دیدیا

منگل 2 جون 2020 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) مشہور زمانہ ڈیٹا بیس ’’گوگل سکالر‘‘ نے پاکستانی مالیکیولر وائرالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار کے تجزیاتی مقالے ’’پودوں سے حاصل ہونے والی ادویات کے ذریعے وائرسز کی بیماریوں کا علاج‘‘ کو پوری دنیا کے مقالہ جات میں بہترین قرار دیدیا۔ دنیا میں کہیں بھی گوگل سکالر میں (Antiviral plants) کے بارے میں سرچ سے آپ کے سامنے 2 لاکھ سے زیادہ مقالہ جات نظر آئیں گے لیکن پہلے نمبر پر پروفیسر مختار اور ان کے سائنسی رفقائے کار کا مقالہ ٹھہرایا گیا۔

یہ سائنسی تجزیہ پاکستانی اور امریکی سائنسدانوں کے ایک گروپ کی کاوشوں کی وجہ سے مکمل ہوا جو پوری پاکستانی قوم کیلئے فخر کی بات یہ ہے کہ اِس سائنسی گروپ کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے کی جو اِس وقت نیشنل سکلز یونیورسٹی اِسلام آباد میں وائس چانسلر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

زیر بحث مقالے میں اِس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پودوں سے حاصل ہونے والے اجزاء مہلک ببیماریاں پھیلانے والے وائرسز کے علاج کیلئے استعمال کئے جا سکتے ہیں لیکن اِن پر سائنسی بنیادوں پر تحقیق ہونی چاہئے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ چین اور چند دوسرے ممالک نے پروفیسر مختار کے اِس نظریہ کو مدنظر رکھتے ہوئے پودوں سے حاصل ہونے والے اجزاء کی سائنسی بنیادوں پر کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کلینیکل ٹرائلزز بھی شروع کر رکھے ہیں۔