سینیٹر سراج الحق کا وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کو فون ،شام میں خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیزؓ اور ان کی اہلیہ محترمہ کے مزاروں کی بے حرمتی پر اظہار افسوس

منگل 2 جون 2020 23:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کو فون کرکے شام میں خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیزؓ اور ان کی اہلیہ محترمہ کے مزاروں کی بے حرمتی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف سے اس پر دوٹوک اور واضح مؤقف اپنانے، مجرموں کی گرفتاری اور او آئی سی کا اجلاس بلا کر آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرور ت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کوئی مسلمان ان برگزیدہ ہستیوں کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا، اس سانحہ پر پوری امت مسلمہ کے دل زخمی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی شام میں حضرت عمار بن یاسر اور دیگر اکابرین کے مزاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلام دشمن قوتوں کی سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ عالم اسلام میں نفرت کی آگ بھڑکا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کے حکمرانوں کو اس موقع پر فہم و تدبر اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سانحہ پر مشترکہ لائحہ عمل بنانا اور امت کو انتشار و افتراق سے بچانا ہوگا۔