آفیسرز ویلفیئر کا چانسر جامعہ اردو سے جامعہ کو مالی بحران سے بچانے کے لئے اضافی گرانٹ کی اپیل

منگل 2 جون 2020 22:50

کراچی۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے سائنس ،آرٹس و ٹیکنالوجی کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی نے یونیورسٹی کے چانسلر سے اپیل کی ہے کہ یونیورسٹی کو مالیاتی بحران سے بچانے کیلئے اضافی گرانٹ فراہم کی جائے۔جامعہ کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اپیل وفاقی اردو یونیورسٹی کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (کراچی)کے صدر امیر احمد فاروقی اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری خرم مشتاق، تحفظ حقوق ملازمین فورم، غیر تدریسی ملازمین، گلشن اقبال کیمپس کے کنوینر حسیب زاہد اور عبدالحق کیمپس کے غیر تدریسی ملازمین کے رہنما عدیل صابر نے کی ہے ۔

ان رہنمائوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جس طرح یونیورسٹی کے معاملات کو سلجھانے میں دلچسپی لی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر مملکت اور چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی اس در خواست پر کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی قدیم اور بوسیدہ عمارتوں کو اگر فوری طور پر منہدم کرکے نئی تعمیر نہ کی گئی تو جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے تعمیری صنعت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اگر موجودہ حکومت تعمیری صنعت کے فرو غ کے سلسلہ میں یونیورسٹیوں کی قدیم عمارتوں کی تعمیر شروع کرے تو اس سے تعمیری صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی ناقص پالیسیوں اور اعلی سطح پر عدم توجہی کے باعث یونیورسٹی کو مالیاتی مسائل کا سامنے ہیں اور اس مسلہ کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشن کی مد میں ادائیگی کرنے میں بھی دشواری پیش آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے ملازمین کو دی جانے والی طبی سہولتوں کی فراہمی کو جاری رکھنا بھی انتہائی مشکل ہورہا ہے۔