زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ڈی سی ساہیوال

بدھ 3 جون 2020 18:40

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال ذیشان جاوید نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس لے لیا،سرکاری کرایہ ناموں پر مکمل عملدر آمد کرایا جائے،سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت،تمام گاڑیوں میں کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں ہوں،زائد کرائے کی شکایت پر گاڑی بند کر دی جائے،ڈپٹی کمشنر کی ہدایت۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں نمایا ں کمی کے بعد صوبائی حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کر دی ہے لیکن عید کی تعطیلات کے بعد سے ٹرانسپورٹرز کی طرف سے پرانا کرایہ وصول کرنے کی شکایات وصول ہو رہی تھیں جس پر ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین کو ہدایت کی ہے کہ کرایہ ناموں پر مکمل عملدر آمد کرایا جائے زائد کرائے وصولی کو واپس کرایا جائے اور متعلقہ گاڑی مالک کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی لوٹ گھسوٹ کی اجازت نہیں دے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایہ نامہ آویزاں کرنے اور صوبائی حکومت کے طے کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدر آمد کرانے کی بھی ہدایت کی ۔