سعودی عرب،100 ملین ریال کی منی لانڈرنگ میں ملوث گروہ گرفتار

جمعرات 4 جون 2020 11:05

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی پولیس نے 100 ملین ریال کی منی لانڈرنگ میں ملوث 10 رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے جن میں ایک سعودی اور 9 سوڈانی شامل ہیں۔سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ملزمان کو ریاض میں گرفتار کیا گیا جن کی عمریں 40 سے 50 برس کے درمیان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان نامعلوم ذرائع سے حاصل کی جانے والی رقوم بیرون مملکت بینکوں میں ارسال کیا کرتے تھے۔ملزمان نے اب تک سو ملین ریال 10 مختلف غیر رجسٹرڈ تجارتی اداروں کے ناموں سے ارسال کیے جبکہ ان کے قبضے سے 7 لاکھ ریال نقد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان پر منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا گیا ہے اور ان سے متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ملزمان کا تحقیقاتی ریمانڈ مکمل ہونے پر ان کا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کیاجائے گا جہاں مقدمہ دائر کرکے عدالت کے سپرد کردیا جائے گا۔