پنجاب اسمبلی کااجلاس کل سے مقامی ہوٹل میں شروع ہوگا

اورنج لائن ٹرین کا کرایہ مقررکرنے کے حوالے سے عام بحث بھی ہو گی

جمعرات 4 جون 2020 12:10

پنجاب اسمبلی کااجلاس کل سے مقامی ہوٹل میں شروع ہوگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2020ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ( جمعہ)کو سہ پہر تین بجے شروع ہوگا ، کوروناوائرس کی وجہ سے اجلاس پنجاب اسمبلی کی عمارت کی بجائے اس سے ملحقہ نجی ہوٹل میں منعقد ہوگا جس کے کرسٹل اور رائل گرینڈ ہالز کو اسمبلی چیمبر قرار دیا گیا ہے۔ نجی ہوٹل میں منعقد ہونے والے اجلاس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کے تحت حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کی الگ الگ تقسیم کے تحت نشستیں لگائی گئی ہیں ۔

کورونا وائرس سے بچائو کے ایس او پیز کے تحت اراکین اسمبلی سماجی فاصلے پر بیٹھیں گے ، اراکین اسمبلی کو کورونا سے بچائو کیلئے ایوان قرار دئیے گئے ہا ل میں داخلے سے قبل سینی ٹائز کیا جائے گا جبکہ اراکین اسمبلی بغیر ماسک کے ایوان میں داخل نہیں ہو سکیں گے ۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں آنے والے تمام اراکین اسمبلی کو کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایات دی ہیں۔

اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج سے شروع ہونے والے اجلاس کاایجنڈابھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں محکمہ زراعت سے متعلق سوالات پوچھے جائیں گے جبکہ پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ( ترمیمی ) بل 2020متعارف کرایا جائے گا جبکہ اجلاس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین اور اس کا کرا یہ مقرر کرنے کے حوالے سے عام بحث بھی کرائی جائے گی ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اجلاس کے اوقات کے دوران نجی ہوٹل کے اطراف سے گزرنیوالی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے بند رکھی جائیں گی جبکہ قریب عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔