ٹوسیلوماب کے استعمال کا مثبت رزلٹ آرہا ہے۔ یاسمین راشد

محکمہ صحت اور کمپنی میں ٹیکے کی قیمت پر اتفاق ہو گیا۔صوبائی وزیر یاسمین راشد

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 4 جون 2020 13:31

ٹوسیلوماب کے استعمال کا مثبت رزلٹ آرہا ہے۔ یاسمین راشد
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون 2020ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ٹوسیلوماب کے ٹرائلز کے بعد اب باقاعدہ استعمال سے کورونا وائرس کے مریض میں مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب اور انجکشن بنانے والی متعلقہ کمپنی کے مابین ایک ٹیکے کی قیمت پر اتفاق ہوگیا ہے۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا اہم اجلاس ہوا۔

جس میں ایڈیشنل سیکریٹری ڈیولپمنٹ ڈاکٹر آصف طفیل،ڈاکٹر خالد مسعود،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ادویات،پلازمہ تھریپی،آئی سی یوز،ایچ ڈی یوز،آپریشن رومز،وینٹیلیٹر کی تعداد اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں ہیلتھ کئیر پروفیشنلز اور سرکاری ملازمین کے لیے بستروں کو مختص کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کو عوام کی سہولت کی خاطر اپنی سروسز مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 84 ہزار 921 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وائرس زدہ افراد کی کل تعداد کورونا کے ابتدائی مرکز چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں اس وقت کورونا کے متاثرین کی تعداد 83 ہزار 22 ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کا صرف ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی گنتی بھی 1700 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا کے متاثرین صوبہ سندھ میں ہیں جن کی تعداد 32 ہزار 910 ہے ۔