ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز کا پروازیں بحال کرنے کا اعلان

جمعہ 5 جون 2020 11:35

ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز کا پروازیں بحال کرنے کا اعلان
ابوظہبی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں ایمریٹس ایئر اور اتحاد ایئر لائنز نے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے ٹرانزٹ فلائٹس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان حکومت کی جانب سے ملکی ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ پروازوں کی اجازت دیے جانے کے بعد کیا گیا۔ العریبیہ نیوز کے مطابق ایمریٹس نے 29 مقامات کے لیے دبئی کے راستے ٹرانزٹ فلائٹس دوبارہ کھولنے جبکہ اتحاد ایئر نے یورپ، ایشیا اور آسٹریلیا کے 20 شہروں کے لیے فلائٹس کا اعلان کیا ہے۔

امارات ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مسافر 8 جون سے اس کے ذریعے دبئی سے دیگر مقامات پر ٹرانزٹ فلائٹس بک کرا سکتے ہیں۔ لندن ہیتھرو، فرینکفرٹ، پیرس ، میلان ، میڈرڈ، شکاگو ، ٹورنٹو، سڈنی ، میلبورن اور منیلا کے لیے پروازیں 11 جون سے دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ایمریٹس 15 جون سے مزید 16 مقامات کے لیے جن میں بحرین ، مانچسٹر ، زیورخ ، ویانا ، ایمسٹرڈیم ، کوپن ہیگن ، ڈبلن ، نیو یارک جے ایف کے ، سیئول ، کوالالمپور، سنگاپور، جکارتا ، تائپے، ہانگ کانگ، پرتھ اور برزبن شامل ہیں وہاں کے مسافروں کو ٹرانزٹ سہولت کے لیے اپنی پروازیں شروع کرے گی۔

امارات ایئر لائنز کا کہنا ہے متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ دبئی اور دنیا کے درمیان پروازوں کی بحالی کا سلسلہ مرحلہ وار دوبارہ شروع ہو سکے۔