لاہور، رئیس زادے کی غریب لڑکے سے انسانیت سوز سلوک اور گرفتاری کی حقیقت سامنے آگئی

کتے کے کاٹنے سے متاثرہ بچے کے والد نے دباؤ میں آکر ملزم کو معاف کر دیا،پولیس نے بھی بھاری رشوت لے کر ملزم کو رات کو سونے کے لیے گھر بھیج دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 5 جون 2020 15:08

لاہور، رئیس زادے کی غریب لڑکے سے انسانیت سوز سلوک اور گرفتاری کی حقیقت ..
لاہو ر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 جون 2020ء) لاہور میں رئیس زادے کی غریب لڑکے سے انسانیت سوز سلوک اور گرفتاری کی حقیقت سامنے آگئی،کتے کے کاٹنے سے متاثرہ بچے کے والد نے دباؤ میں آکر ملزم کو معاف کر دیا،۔تفصیلات کے مطابق اقبال ٹاون مون مارکیٹ میں رئیس زادے کے کتوں نے غریب معصوم بچے کو بھنبھوڑ ڈالا تھا۔دونوں کتے عمران نامی شہری کے تھے جسے پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے پارک میں یہ واقعہ پیش آیا تھا جہاں پلاسٹک فٹ بال بیچنے والے محنت کش بچے پر وہاں موجود دو پالتو کتوں نے حملہ کر دیا جس سے بچہ شدید زخمی ہوگیا۔مذکورہ کتے علاقے کے رئیس زادے عمران کے ہیں۔بچہ موقع پر ہی لہولہان ہو گیا جس کے بعد پارک میں موجود شہریوں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے کتے کے مالک کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

بعد ازاں پولیس عمران نامی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک بند ہونے کے باوجود کتوں کا مالک انہیں پٹے یا زنجیر کے بغیر لاتا تھا اورکھلا چھوڑ دیتا تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زخمی بچے کے والد نے پولیس کے دباو میں آکر ملزم عمران کو معاف کر دیا ہے اور پولیس افسران نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کیا ہے۔

مقدمے میں پولیس نے معمولی نوعیت کی دفعات شامل کی ہیں جس سے ملزم کو ضمانت پر رہا ہو جانا آسان سی بات ہے۔پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں فوٹو سیشن کروایا اور مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عوض رات کو سونے کے لئے گھر روانہ کر دیا تھا کہ عدالت سے ضمانت دلوائی جاسکے۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کو لے کر خوب احتجاج کیا اور ملزم کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔