ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کی شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز کی قبر اور جسم پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت

جمعہ 5 جون 2020 18:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز کی قبر اور جسم پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مؤثر احتجاج کرنے اور اسلامی تعاون تنظیم سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان علماء کونسل اور دیگر مذہبی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر میں یوم سیّدنا عمر بن عبدالعزیز منایا گیا۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم، علامہ عبد الحق مجاہد سمیت ملک بھر سے علماء نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد گروہ اسلام کے نام پر مسلمانوں کے مقدسات پر حملہ آور ہیں اور حضرت عمر بن عبدالعزیز اور ان کی اہلیہ کی قبر اور اجساد کی توہین سے واضح ہے ان گروہوں کا اسلام ، مسلمانوں اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب مقدسات اور قبروں کی حرمت اور احترام کا درس دیتے ہیں، کوئی مسلمان قبر کی توہین کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ رہنمائوں نے کہا کہ انتہا پسند گروہوں نے مسجد نبوی، بیت اللہ شریف ، پاکستان اور دیگر مقامات میں مزارات ، مساجد اور امام بارگاہوں پر حملے کئے ہیں، ایسے گروہوں کے مقابلے کیلئے عالمی فکری اتحاد کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کیلئے متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کو ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کیلئے بھی فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔