پاکستان نیوی وار کالج کے 49ویں کانووکیشن کا انعقاد

پاکستان نیوی اسٹاف کورس کی 49ویں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ہوا

جمعہ 5 جون 2020 17:27

پاکستان نیوی وار کالج کے 49ویں کانووکیشن کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2020ء) پاکستان نیوی اسٹاف کورس کی 49ویں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ہوا۔ کمانڈر سینٹرل پنجاب اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج رئیر ایڈمرل محمد زبیر شفیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں کُل 93 افسران کو میری ٹائم وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی سند تفویض کی گئی جن میں سے 60 کا تعلق پاک بحریہ، 03 پاک آرمی اور 05 کا پاکستان ائیر فورس سے ہے جب کہ 25 افسران کا تعلق دوست ممالک بشمول بنگلہ دیش، چین، مصر، انڈونیشیا، عراق، اردن، ملیشیا، مالدیپ، میانمار، عمان، فلسطین، سعودی عرب، نائیجیریا، سوڈان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات سے ہے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے افواج پاکستان اور دوست ممالک کے افسران کو مبارکباد دی اور انھیں COVID-19 کے بعد کی دنیا کے تبدیل شدہ حالات کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود جنگی صلاحیتوں پر سمجھوتہ کیے بغیر آپریشنل امور سر انجام دینے ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔
قبل ازیں، ڈپٹی کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے 41 ہفتوں پر مشتمل کورس کی تفصیلات پیش کیں اور شرکاء کی مختلف پیشہ ورانہ اور علمی سر گرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔