سرگودہا،کورونا ایس او پی پرعملدرآمد نہ کرنے پر 72دکانیں سیل

جمعہ 5 جون 2020 20:30

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ضلعی انتظامیہ نے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 72دکانوں کو سیل کر دیا ۔ ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنروں نے مختلف بازاروں ،مارکیٹوں اور مالز کا معائنہ کیا اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24دکانداروں کو وارننگ جاری کی جبکہ 44ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

اسی طرح مسافر گاڑیوں میں بھی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گیارہ گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کر دیا گیا،15گاڑیوں کے چالان کر کے 75سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 5گاڑیوں کے مالکان کو وارننگ جاری کی گئی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ نے کہا کہ تاجر نو فیس ماسک نو سروس کے اصول پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں کاروباری مراکز دوبارہ بند یا سیل کر دئیے جائیںگے۔

بعدازاں اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے شہر بھر سے فوری تمام پختہ اور غیر پختہ تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے بازاروں میں چنگ چی کے داخلہ کو ممنوع اور بے ہنگم کارپارکنگ کے سد باب کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن او رٹریفک پولیس کو لفٹر حاصل کر کے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

انہوں نے بازاروں ‘ مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے تاجروں او رمیٹروپولیٹن افسران وعملہ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو )میثم رضا، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا عمر دراز گوندل او رچیف آفیسر تحصیل کونسل راشدگرمالاسمیت دیگر میٹروپولیٹن افسران نے شرکت کی ۔