شاہ شمس پارک کو تزئین وآرائش کے بعد عوام کے لئے کھولنے کی ہدایت

جمعہ 5 جون 2020 20:56

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان سے گزشتہ روز ہائیکورٹ بنچ میں ملتان کے ڈویژنل اور ضلعی افسران نے ملاقات کی۔اس موقع پر چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے دورہ ملتان کے حوالے سے دی گئیں ہدایات پر کئے گئے اقدامات پر عمل درآمد بارے چیف جسٹس لاہور ہائیکوٹ جسٹس محمد قاسم خان کو بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق ،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ،سی پی او حسن رضا،چیف ایگزیکٹیو میپکو طاہر محمود، ڈی جی ایم ڈی ایآغا محمد علی عباس،ڈی جی پی ایچ ایعابد علی ، سی ای او ایجوکیشن ریاض خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر پر گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ شاہ شمس پارک کی تزئین وآرائش کر کے اسے عوام کے لئے کھولا جائے۔

(جاری ہے)

شاہ شمس پارک کی جھیل میں کنٹونمنٹ بورڈ کی جھیل کی طرز پر ڈینگی لاروا کھانے والی مچھلیاں چھوڑی جائیں۔چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد کی ہدایات پر عمل درآمد کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ ممتاز آباد پارک کی حالت میں بہتری سے اسے مزید خوب صورت کیا جائے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ہوئے کمشنر ملتان شان الحق نے بتایا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان مسٹر جسٹس گلزار احمد کی ہدایت پر شہر کی دو سڑکوں اوردو پارکوں کو ماڈل بنایا جارہا ہے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر میں سٹریٹ لائٹس کا کام بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔اس کے علاؤہ ان کے حکم پر سول ڈیفنس کے سٹاف کی تنخواہیں بھی ادا کر دی گئیں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے بتایا کہ ملتان میں ملک کا سب سے بڑا قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا ہے اور اس سنٹر میں کورونا سے متاثرہ ساڑھے نو ہزار سے زائد لوگوں کو قرنطینہ کیا گیا۔سنٹر میں 54سو افراد بیرون ممالک سے آئے جن کی مزید آمد جاری ہے۔اس کے علاوہ سنٹر میں 450 پولیس اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا جن میں سی58 مریض نکلے ہیں،ان میں سے بھی بیشتر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

قبل ازیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے ہائی کورٹ بنچ میں ملتان ہائیکورٹ بار سے بھی خطاب کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ ملتان بار کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،وکلاء انصاف کی فراہمی کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔اس موقع پر سینئر جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ مسٹر جسٹس سرفراز احمد ڈوگر، مسٹر جسٹس طارق سلیم شیخ،سیئنر رجسٹرار بہادر علی خان، ایڈیشنل رجسٹرار محمد یار ولانہ اور ملتان بار کے عہدیداران بھی موجود تھے۔