پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا،

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق سے گفتگو

ہفتہ 6 جون 2020 14:49

پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔یہ بات انہوں نے حال ہی میں تعینات ہونیوالے پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ہفتہ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

بات چیت کے دوران افغان امن عمل سمیت خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے،پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا جسے آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔

وزیر خارجہ نے ایمبیسڈر محمد صادق کو خصوصی ایلچی برائے افغانستان تقرری پر مبارکباد اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی اس اہم منصب پر تعیناتی سے پاک افغان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔