سعودی عرب میں ایک اور غیر مُلکی ڈاکٹر کورونا سے چل بسا

سوڈانی ڈاکٹر محمد الفلکی ریاض کی کنگ سعود ی یونیورسٹی میں بچوں میں کینسر اور خون کے امراض کے نامور معالج تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 جون 2020 14:33

سعودی عرب میں ایک اور غیر مُلکی ڈاکٹر کورونا سے چل بسا
ریاض( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 جون 2020ء) دوروز قبل سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی ڈاکٹر نعیم خالد چودھری کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ اب ایک اور غیر مُلکی ڈاکٹر کی کورونا کے باعث ہلاکت ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوڈان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد الفلکی کا کورونا وائرس کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔سعودی اخبار المرصد کے مطابق ڈاکٹر محمد الفلکی ریاض کی کنگ سعود ی یونیورسٹی کے ماتحت فیکلٹی آف میڈیسن میں بچوں کے کینسر اور خون کے امراض کے نامور معالج تھے ۔

سعودی ڈاکٹروں کی سوسائٹی نے ڈاکٹر محمد الفلکی کی وفات پر بہت دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اور ان کی وفات کو ایک بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔ ٹویٹر پر ’محمد الفکی فی ذمہ اللہ‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی بنا دیا گیا ہے جس میں ان کے جاننے والوں نے بتایا کہ محمد الفلکی امراض اطفال کے بہترین معالج تھے۔

(جاری ہے)

وہ کینسر کے مریض بچوں سے انتہائی محبت اور شفقت سے پیش آتے تھے۔

ان سے گپ شپ کر کے ان کا دل بہلاتے اور ان کو اس موذی مرض سے نجات دلانے کے لیے اپنی سر توڑ کوششوں میں لگے رہتے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستانی سرجن ڈاکٹر نعیم خالد چودھری کورونا کے ہاتھوں دم توڑ گئے تھے۔ وہ مکہ مکرمہ کے حرا جنرل ہسپتال تعینات تھے۔ ڈاکٹر نعیم چوہدری کے سوگواران میں ایک بیوی اور تین بیٹیاں ہیں جو مکہ میں ہی مقیم ہیں۔

مکہ کے شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل حمزہ نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم چوہدری کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے اور مکہ شہر نے انتہائی باصلاحیت سرجن کو کھو دیاہے۔ انہوں نے ڈاکٹر نعیم چوہدری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں میں ڈاکٹر نعیم نے انتہائی اہم کردار ادا کیا، وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جب کہ وہ صرف ہائی بلڈ پریشر کے مریض تھے۔

کورونا کا موذی مرض سینکڑوں سمندر پار پاکستانیوں کو موت کے منہ میں دھکیل چکا ہے۔ اس معاملے میں امارات میں مقیم پاکستانی سرفہرست ہیں جہاں کورونا کے باعث 32 پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں ، جبکہ سعودی عرب میں مقیم 20 پاکستانی کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کل کی پریس بریفنگ کے دوران کیا ہے۔

خاتون ترجمان نے بتایا کہ کورونا کے باعث بیرون ممالک مقیم 339 پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب میں کورونا کی وجہ سے 20 ، متحدہ عرب امارات میں 32، قطر میں 2 جبکہ کویت میں 1 پاکستانی جاں بحق ہوا ہے عائشہ فاروقی نے بتایا کہ اب تک کورونا اور دیگر وجوہات کی بناء پر وفات پانے والے 424 پاکستانیوں کی میتیں واپس لائی گئی ہیں۔