ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے ضلع بھر میں 810 سرویلنس کمیٹیاں قائم

جمعرات 11 جون 2020 00:01

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے متعلق بروقت آگاہی دے کر زمینداروں کی فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔ کرونا وباء کی طرح ٹڈی دل سے بچائو کیلئے حکومت نے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ضلع بھر میں 810سرویلنس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر کمیٹی پانچ ممبران پر مشتمل ہے جو موضع جات کی سطح پر کاشتکاروں کو ٹڈی دل سے بچائو کی تربیت دے رہی ہے ۔

وہ ٹڈی دل کے حوالہ سے اپنے دفتر میں جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر فاروق حیدر عزیز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ہاشم رضا نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کے ماسٹر ٹرینر سرولینس کمیٹیوں کے ممبران کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں میں آگاہی کیلئے بھر پور مہم جاری ہے۔ حکومت نے موبائل فون ایپلی کیشن بھی متعارف کروا دی ہے۔

ہر شخص اس ا یپلی کیشن کو استعمال میں لاکر ٹڈی دل کی اپنے علاقے میں موجودگی کے بارے معلومات فراہم کر سکتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کی دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے ضلع بھر میں بھرپور سرولینس جاری ہے۔ تمام ضروری افرادی قوت ،سپرے مشینری اور کیمیکل موجود ہے تاہم مزید سپرے مشین،کیمیکل اور فیلڈ عملہ کیلئے حفاظتی لباس خریدا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کاشتکاروں میں اس بات کا شعور اجاگر کیا جائے کہ ٹڈی دل کو بھگانا مسئلے کا حل نہیں وہ ایک جگہ سے اڑ کر دوسری جگہ بیٹھ کر فصلوںکو نقصان پہنچائے گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کاشتکارمتعلقہ اداروں کو ٹڈی دل کی اپنے علاقوں میں موجودگی کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ انہیں فوری تلف کیا جا سکے۔