فیس بک کی مدد سے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے والی بہادر خاتون صبا منظر عام پر آگئیں

میں نے ڈاکوؤں کی آوازیں سننے کے بعد اپنے کمرے کا دروازہ بند کیا اور فوراً فیس بک پر اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ شیئر کیا جو ڈکیتی کو ناکام بنانے میں فائدہ مند ثابت ہوا۔ صبا کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 15 جون 2020 14:13

فیس بک کی مدد سے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے والی بہادر خاتون صبا  منظر عام ..
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-15جون2020ء) فیس بک کی مدد سے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے والی بہادر خاتون منظر عام پر آگئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں بہادر لڑکی نے فیس بک کی مدد سے گھر میں داخل ہونے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروایا تھا۔لاہور کے علاقے تھانہ فیصل ٹاون کی حدود میں واقع گھر میں دو ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوئے۔

گھر میں موجود صبا بالائی منزل پر موجود تھی تو اسی دوران انہوں نے اہلخانہ کی ڈاکوؤں سے مزاحمت کی آوازیں سنیں۔خاتون نے اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے فیس بک پر اسٹیٹس شیئر کیا کہ میرے گھر میں ڈاکو داخل ہوگئے ہیں۔صبا کے دوستوں اور دیگر عزیزواقارب کی پوسٹ پڑھ کر پولیس کو ہیلپ لائن پر واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مکان کو گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

آدھے گھنٹے کے مذاکرات کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔جب کہ بہادر خاتون کا کہنا ہے کہ میں نے ڈاکوؤں کی آوازیں سننے کے بعد اپنے کمرے کا دروازہ بند کیا اور فوراً فیس بک پر اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ شیئر کیا۔کیونکہ میرے دماغ میں پولیس ہیلپ لائن15 پر کال کرنے کا بالکل ذہن میں نہیں آیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ میرے کمرے کا دروازہ کھٹلھٹاتے رہے مگر میں نے نہیں کھولا۔

میرے دل میں بس یہی تھا کہ کسی طرح اپنے گھر والوں کو ڈاکوؤں سے محفوظ رکھ سکوں۔جب میرا سٹیٹس دوستوں نے دیکھا تو پولیس کو اطلاع دی۔تھوڑی در بعد پولیس پہنچ گئی جس نے ہمارے گھر کو گھیرے میں لے لیا۔اور ڈکیتی کی واردات کو ناکام بناتے ہوئے ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔ایس پی فیصل ٹاؤن کے مطابق ایس ایچ او نے مکان کو گھیرے میں لینے کے بعد ڈاکوؤں سے مذاکرات کیے اور آدھے گھنٹے کی بات چیت کے بعد ڈاکو گرفتاری دینے پر رضامند ہوئے۔