آئی جی پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کے اعزاز میں الوداعی تقریب

انعام غنی کی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعیناتی پر سی پی او میں انتہائی پروفیشنل سٹاف افسر کی کمی محسوس کروں گا ‘شعیب دستگیر انعام غنی نئے عہدے کے چیلنجز کے ساتھ حکومتی اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ‘ آئی جی پنجاب

جمعرات 2 جولائی 2020 20:07

آئی جی پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کے اعزاز میں الوداعی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ ایڈیشنل آئی جی انعام غنی پاکستان پولیس سروس کے انتہائی پروفیشنل ، قابل اور ایماندار آفیسرز میں شامل ہیں جو جنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت اورتحفظ کے فرائض بھرپور محنت اور فرض شناسی کے ساتھ اداکریں گے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انعام غنی کی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعیناتی پر سی پی او میں ایک انتہائی پروفیشنل سٹاف افسر کی کمی محسوس کروں گالیکن خوشی اس بات کی ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت کیلئے انعام غنی جیسے فرض شناس پولیس افسر کا انتخاب کیا گیا ہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ انعام غنی اپنے نئے عہدے کے چیلنجز کے ساتھ حکومتی اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اوروہ اپنے بیش قیمت تجربے سے جنوبی پنجاب میں عوامی خدمت کیلئے بہترین سیٹ اپ کو پروان چڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کی سہولت اور خدمت کیلئے وسائل کے حوالے سے کوئی بھی ضرورت درپیش ہوئی تو سنٹرل پولیس آفس کی جانب سے مکمل تعاون اور سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں سی سی پی او لاہور کے علاوہ سنٹرل پولیس آفس کے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ایڈیشنل آئی جی انعام غنی نے الوداعی تقریب کے موقع پر آئی جی پنجاب سمیت تمام افسران کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بطور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعیناتی حکومت پنجاب اور محکمے کا میری صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے اور میںجنوبی پنجاب کے عوام کی خدمت اور توقعات پر پورا اترنے کیلئے بھرپور محنت اور صدق دل سے کاوشیں جاری رکھوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب تعیناتی کے دوران سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پچیس برس بعددوبارہ کام کرنے کا موقع میسر آیا لیکن تمام افسران کی جانب سے بھرپور سپورٹ اور تعاون کرنے دلی طورپر انکا مشکور ہیں جس کی بدولت تمام پیشہ ورانہ امور عمدگی سے سر انجام دینے میں کامیاب رہا ۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے انعام غنی کو پنجاب پولیس کا روایتی سووینئربھی پیش کیا ۔