لاک ڈائون میں توسیع مسترد کرتے ہیں، سندھ حکومت نوٹیفیکیشن واپس لے، سراج تیلی، آغا شہاب

جمعرات 2 جولائی 2020 23:26

کراچی۔ 2 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی اور کرا چی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر آغا شہاب احمد خان نے لاک ڈائون میں 15جولائی تک توسیع کو مسترد کرتے ہوئے حکومت ِ سندھ پر زور دیا کہ متعلقہ نوٹیفیکیشن کو فوری طورپر منسوخ کرتے ہوئے ہر قسم کے کاروبار کو پوری قوت سے کام کرنے کی اجازت دی جائے جو معیشت اور کاروبار کو مکمل تباہی سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں چیئرمین بی ایم جی سراج تیلی نے کہا کہ مختلف کاروبار بشمول ریستورنٹ، شادی ہال، بیوٹی پارلر، سینما، کاروباری سینٹرز، کھیلوں کی سہولیات، تعلیمی ادارے و دیگر پچھلے چار ماہ سے لگاتار بند پڑے ہیں جس کے نتیجے میں یہ تمام ہی کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کاروبار پہلے سے ہی بدترین بحران کا شکار ہیں اور مزید لاک ڈائون ان سب کوہمیشہ کے لئے مٹا کر رکھ دے گا جس کے نتیجے میں نہ صرف تاجر برادری بلکہ پہلے سے بیمار معیشت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی بڑے پیمانے پر بے روزگاری پھیلے گی جو کرونا وبا سے زیادہ خطرناک ثابت ہو گی۔

سراج تیلی نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ لاک ڈائون میں توسیع کو فوری طور پر واپس لیا جائے جبکہ انتظامیہ کو موئثر طریقے سے بروکار لاتے ہوئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اگر انتظامیہ سختی سے لاک ڈائون کروا سکتی ہے تو سختی سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے اسے کو کیوں استعمال نہیں کیا جارہا سندھ حکومت کو تاجروں کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے بجائے انہیں دور کرنا چاہئے۔

کے سی سی آئی کے صدر آغا شہاب احمد خان نے بھی خبردار کیا کہ اگر لاک ڈائون کو فوراً ختم نہیں کیا گیا تو کئی کاروبار ہمیشہ کے لئے بند ہوجائیں گے۔آغا شہاب نے اُمید ظاہر کی کہ سندھ حکومت کی جانب سے ترجیحی بنیاد پر لاک ڈائون کو مکمل طور پرمنسوخ کرکے ریلیف فراہم کیا جائے گا جس کی اشد ضرورت ہے تاکہ کاروبار و معیشت کو مزید تباہی سے بچایا جاسکے۔