برطانوی سفارتخانے کا آئندہ ہفتے سے ویزہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان

آئندہ ہفتے سے ویزہ سہولت مراکز پردرخواست لینا شروع کردی جائیں گی، سہولت مراکز پر احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنانا ہوگا، کورونا کے باعث ویزوں کا عمل معطل کیا گیا تھا۔ پاکستان میں برطانوی سفارتخانے کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 جولائی 2020 18:53

برطانوی سفارتخانے کا آئندہ ہفتے سے ویزہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی 2020ء) برطانوی سفارتخانے نے آئندہ ہفتے سے ویزہ درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کردیا ہے، آئندہ ہفتے سے ویزہ سہولت مراکز پردرخواست لینا شروع کردی جائیں گی ،سہولت مراکز پر احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنانا ہوگا، کورونا کے باعث ویزوں کا عمل معطل کیا گیا تھا۔ پاکستا ن میں برطانوی سفارتخانے نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ آئندہ ہفتے سے برطانوی ویزوں کیلئے درخواستیں وصول کرنا شروع کردیں گے۔

آئندہ ہفتے ویزہ سہولت مراکز پر اپوائنٹ منٹس ملنا شروع ہوجائیں گی۔ سہولت مراکز پر کورونا وباء کے خدشات کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، وہاں پر آنے والے ویزہ کے خواہشمندوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنانا ہوگا۔ برطانوی ویزوں کیلئے درخواستوں کی وصولی کا عمل کورونا وباء کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سفارتخانے کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ویزہ کے خواہشمند ویب سائٹ سے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

واضح رہے برطانیہ میں کورونا وباء زور ٹوٹ رہا ہے۔ جس کے باعث برطانیہ نے سیاحوں اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے ویزوں کا اجراء دوبارہ کرنا شروع کردیا ہے۔ برطانیہ نے معمول کی زندگی کی بحالی کی طرف سب سے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آخرکار تین مہینوں بعد شہریوں کو پب میں شراب پینے، بال کٹوانے اور ریستوران میں کھانا کھانے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ ہر شخص کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور کاروباری اداروں کی مدد کے لیے معاشرتی دوری کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچا جا سکے۔اپنے پیغام میں جانسن کا کہنا تھا کہ موسمِ گرما سے محفوظ طریقے سے لطف اندوز ہوں اور ایسا کچھ نہ کریں جس سے کورونا وائرس پر قابو پانے والی پیشرفت کو نقصان پہنچے۔

اسی طرح برطانیہ میں 3 ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد تمام مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہیں۔ جبکہ نماز جمعہ کے بڑی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ مساجد انتظامیہ بخار کی جانچ، ہینڈ سینی ٹائرز اور ماسک یقینی بنا نے کی پابند ہو گی۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں دیگر عبادت گاہیں، ریسٹورنٹ اور حجام کی دکانیں مروجہ طریقہ کار کے تحت کھول دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :