مقبوضہ جموں میں آبادیاتی تبدیلی کو متاثر کرنے کی بھارتی سازش کا بین الاقوامی برادری فوری نوٹس لے، کل جماعتی حریت کانفرنس

اتوار 5 جولائی 2020 19:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں میں آبادیاتی تبدیلی کو متاثر کرنے کی بھارتی سازش کا بین الاقوامی برادری فوری نوٹس لے ،مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادیاتی کردار کو تبدیل کرنے اور ریاستی باشندوں سے ان کے فطری حقوق چھیننے کی بھارتی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں۔

اتوار کو یہاں جاری بیان میں حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ 25 ہزار غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنا بین الاقوامی قوانین اور سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی عمل ہے،مقبوضہ وادی میں 6 ہزار قابض فوجیوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں، بھارتی قابض انتظامیہ نے مقبوضہ جموں میں 8500، ڈوڈہ اور رجوری میں 6214 اور پونچھ میں 6123 غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر ریاستی صفائی ستھرائی کا کام کرنے والے خاکروبوں کو بھی شہری سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں، عبدالحمید لون نے کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کاضامن ہے۔

(جاری ہے)

عبدالحمیدلون نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کے اس گھناؤنے اقدام کو روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کرے اور مقبوضہ ریاست کو غزہ کی پٹی بنانے سے باز رکھے،حکومت پاکستان کو فی الفور بین الاقوامی برادری سے اس حوالے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے اپنا سفارتی اثر رسوخ استعمال کرنے کی اپیل ہے۔