عُمان میں ایک ہی روز میں کورونا کے ریکارڈ 1,072کیسز سامنے آ گئے

مملکت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد46,178 ہو گئی، مزید 10 مریض چل بسے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 جولائی 2020 17:52

عُمان میں ایک ہی روز میں کورونا کے ریکارڈ 1,072کیسز سامنے آ گئے
عُمان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6جولائی 2020ء) خلیجی ریاست عُمان میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عمان میں 1,072نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جو اس خلیجی ریاست میں اب تک کے ریکارڈ یومیہ کیسز ہیں۔نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی46,178ہو گئی ہے۔ نئے کیسز میں273 تارکین وطن ہیں جب کہ 799 کا تعلق عُمان سے ہے۔

مملکت میں کورونا کے مزید 10 مریض چل بسے ۔ اب تک مجموعی طور پر213 افراد کورونا کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔عْمان میں کرونا کے مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، گزشتہ روز مزید 949 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک شفایاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 29,968 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق اس وقت16 ہزار سے زائد افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 100مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں اور رہ نما ہدایات کے مطابق سماجی دوری اختیار کریں۔دوسری جانب عمانی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عمان میں مقیم افراد کورونا کے علاج کے اشتہاروں پر توجہ نہ دیں کیونکہ بہت سے جعلساز اور فراڈیئے کورونا کے علاج کے نام پر لوگوں کی لُوٹ مار کر رہے ہیں۔

رائل عمان پولیس (آر او پی) نے اپنے پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوویڈ 19کے علاج معالجے کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے اشتہارات پر ہرگز دھیان نہ دیں ۔ یہ بات رائل عمان پولیس نے اپنے ایک آن لائن جاری بیان میں کہی۔آر او پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انکوائریز اینڈ انویسٹی گیشن نے مختلف ذرائع ابلاغ اور اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے اشتہارات جو کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ہیں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان پر یقین نہ کریں۔کیونکہ مختلف طریقوں سے کورونا وائرس کے علاج کا دعویٰ کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، لہٰذا شہری ایسے جعل سازوں اور دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیتے ہوئے ان اشتہارات پر کوئی دھیان نہ دیں۔