لاہور ہائیکورٹ نے چینل 24 کا لائسنس بحا ل کرنے کا حکم دیدیا

حکومت اور پیمرا کو نوٹسز جاری ، عدالت کا روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ

منگل 7 جولائی 2020 20:56

لاہور ہائیکورٹ نے چینل 24 کا لائسنس بحا ل کرنے کا حکم دیدیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے نجی چینل '24 نیوز ایچ ڈی' کے لائسنس معطل کرنے کے حکم نامے کو معطل کردیا۔عدالت عالیہ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سٹی نیوز نیٹ ورک کی جانب سے پیمرا کے اقدامات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔عدالت میں دائر درخواست میں سٹی نیوز نیٹ ورک نے وفاقی حکومت اور پیمرا کو فریق بنایا تھا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ پیمرا نے مؤقف سنے بغیر لائسنس معطل کیا جو غیرقانونی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

اس پر پیمرا کے وکیل کی جانب سے مذکورہ اپیل کی بھرپور مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں ناقابل سماعت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چینل 24 نیوز کے خلاف ساری کارروائی اسلام آباد میں ہوئی ہے، سٹی نیوز نیٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔اس موقع پر جسٹس ساجد محمود نے 24 نیوز کا لائسنس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے پیمرا کی حکم امتناع کی استدعا بھی مسترد کردی۔ساتھ ہی عدالت نے پیمرا کا حکم نامہ معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج بدھ کو جواب مانگ لیا ،عدالت نے کہا کہ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائیگا۔