کورونا کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے، این سی او سی کے اجلاس

صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کئے جائیں اور صوبوں کی کو آرڈینیشن سے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے، عید الاضحیٰ کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے وزیراعظم عمران خان کی کوویڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ہدایات

بدھ 8 جولائی 2020 18:34

کورونا کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے، این سی او سی کے اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے، این سی او سی کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کئے جائیں اور صوبوں کی کو آرڈینیشن سے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے، عید الاضحیٰ کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کوویڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، اعجاز احمد شاہ، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، شہباز گل، فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کو کورونا کی موجودہ صورتحال، علاقائی صورتحال، سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے مثبت نتائج، ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے درکار سہولتوں سے آراستہ بیڈز میں اضافے کی صورتحال اور خصوصاً عید الاضحیٰ اور محرم میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 30 شہروں میں 227 مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

اب تک سمارٹ لاک ڈاؤن کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے کے دیگر ممالک کے تجربات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مکمل لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے جہاں مطلوبہ نتائج میسر نہیںآئے وہاں معاشی مجبوریوں کی وجہ سے لاک ڈاؤن اٹھانے کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ اور اموات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

اس کے برعکس پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی نہایت موثر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کورونا کیسز میں کمی کی بدولت ہسپتالوں پر پڑنے والے بوجھ میں خاطر خواہ کمی سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کورونا کے مریضوں کے لئے مخصوص سہولتوں سے آراستہ بیڈز کی تعداد میں اب تک پندرہ سو کا اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں اس تعداد کو اڑھائی ہزار تک پہنچا دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ امر تسلی بخش ہے کہ کورونا کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے وہاں ہمیں اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا تاکہ ہم کورونا کے پھیلاؤ کو مزید کم کر سکیں۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ این سی او سی کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کیے جائیں اور صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور کوارڈینیشن سے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔

عیدالاضحیٰ کے حوالے سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ عید کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے عیدا لاضحی کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔