دنیا ایران کی جوہری دھمکیوں پرتوجہ مرکوز کرے،سعودی عرب

اپنی سرحدوں پر کسی قسم کی جارحیت یادرپیش خطرات سے کوئی رعایت نہیں برتی گے،سعودی وزارتی کونسل

جمعرات 9 جولائی 2020 12:19

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) سعودی عرب نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ ایران کی جوہری دھمکیوں پر توجہ مرکوز کرے،اس کے خلاف پختہ موقف اختیار کرے اور اس پر عاید اسلحہ کی پابندی میں توسیع کی جائے۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارتی کونسل نے اپنے ورچوئل اجلاس میں عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائلوں کے پروگراموں سے سنجیدگی سے نمٹے۔

(جاری ہے)

کابینہ نے سعودی عرب کے علاقائی استحکام کے لیے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ اپنی سرحدوں پر کسی قسم کی جارحیت،قومی سلامتی کو درپیش خطرات ، آبی گذرگاہوں کے تحفظ اورعالمی اقتصادی سرگرمیوں کو ایران کے مخالفانہ اقدامات سے درپیش خطرات سے کوئی رعایت نہیں برتے گا۔سعودی کابینہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے ایران کی حمایت یافتہ یمن کی حوثی ملیشیا کے مملکت پر حملوں کی مذمت کا خیرمقدم کیا ۔ سعودی وزرا نے یمن میں قیام امن کے لیے الریاض سمجھوتے پر فوری عمل درآمد پر زوردیا ۔