تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل کود نوجوان نسل کی بہتر نشونما کے لئے لازمی ہے،،خلیق الرحمان

جمعہ 10 جولائی 2020 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اعلی تعلیم میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل کود نوجوان نسل کی بہتر نشونما کے لئے لازمی ہے۔ تندرست معاشرہ بہترین قوم کو جنم دیتا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں میرٹ کی بالادستی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

کالج اساتذہ کے پانچ درجاتی سروس سٹرکچر کا عملی نفاذ کردیا گیا ہے۔ کالجز میں ٹرانسفر پالیسی وضع کردی گئی ہے۔ تبادلوں کے لئے اعلی سطحی پلیس منٹ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ دو ماہ کے اندر اندر تمام پایہ تکمیل تک پہنچنے والے کالجز محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے کردی جائیگی کورونا کے بعد نئے جذبے کے تحت تعلیمی سرگرمیاں بحال کردی جائیگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ فرنٹئیر کالج برائے خواتین پشاور اور گورنمنٹ کالج پشاور میں محکمہ کھیل اور امور نوجوانان کے تعاون سے اسکواش کورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن خیبرپختونخوا پروفیسر ظہورالحق ،ایم پی اے آصف خان گورنمنٹ کالج پشاور کے پرنسپل پروفیسر نصراللہ خان یوسفزئی ،فرنٹئیر کالج کی پرنسپل پروفیسر جمیلہ اور محکمہ کھیل کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

میاں خلیق الرحمن نے کہا کہ کھیلوں کے لئے خیبرپختونخوا کی زمین کافی زرخیز ہے۔ نوجوانوں میں موجود صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کے لئے محکمہ کھیل اور امور نوجوانان کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات فراہم کر رہی ہے جس سے خیبر پختونخوا میں انقلاب برپا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں اصلاحات کاعمل تیز کردیا گیا ہے۔ تبادلوں کے لئے پلیس منٹ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ تمام تبادلے میرٹ پالیسی کے تحت کئے جائیں گے۔ کالج اساتذہ کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے پانچ درجاتی سروس سٹرکچر عملی طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔ 1900 نئی آسامیاں تخلیق کردی گئی ہیں۔ جس سے کالجز میں سٹاف کی کمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیگا۔