سندھ پولیس میں گزشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس کے مزید 171نئے کیسز سامنے آگئے

ہفتہ 11 جولائی 2020 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) سندھ پولیس میں گزشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس کے مزید 171نئے کیسز سامنے آگئے ،جس کے بعد متاثرہ افسران و اہلکاروں کی مجموعی تعداد 2096ہوگئی ہے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق 2096 کے قریب افسران اور اہل کاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ گزشتہ 2 روز کے دوران کرونا وائرس کے 171 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کرونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 16پولیس افسران اور جوان شہید ہوئے۔ شہدائے پولیس میں 14 کا کراچی، جب کہ02 کا حیدرآباد رینج سے تعلق تھا، جب کہ زیرعلاج افسران اور جوانوں کی تعداد1584 ہے۔مزید براں 496 افسران اور جوان کرونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کرونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات بھی جاری ہیں۔کورونا کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کام کرنیوالے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیئے انتہائی پرعزم اوربلندحوصلہ ہیں۔