وزیراعظم کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ایس او پیزپرعملدرآمدکی ہدایت

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سلامتی، سیاسی ومعاشی صورتحال کاجائزہ لیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جولائی 2020 16:00

وزیراعظم کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ایس او پیزپرعملدرآمدکی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ہرصورت ایس او پیزپرعملدرآمدکی ہدایت کردی ہے‘تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں میں ملکی سلامتی، سیاسی ومعاشی صورتحال کاجائزہ لیا گیا.

(جاری ہے)

کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی سمیت صورتحال سے آگاہ کیا گیا، وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا‘ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے کہا کوروناختم نہیں ہوا ابھی مزید احتیاط کی ضرورت ہے جبکہ وزیراعظم نے کابینہ میں کہا عیدالاضحیٰ پرشہری احتیاط کریں.

وفاقی کابینہ کومویشی منڈیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہرصورت ایس او پیزپرعملدرآمدکی ہدایت کردی‘اجلاس میں ڈی جی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرک اسلام آباد کے تقرر کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے،جبکہ کابینہ پاکستان نیشنل ایکریڈ یشن کونسل کے ڈی جی کےتقررکی منظوری دے گی. اجلاس میں وزارتوں ،ڈویژنزمیں سی ای اوز،ایم ڈیز اسامیوں کی رپورٹ پیش کی جا ئے گی جبکہ وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی.

گذشتہ روز وزیراسدعمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں عید الاضحیٰ سے متعلقہ امور سمیت نماز عید، مویشی منڈی کے انتظامات پر غور کیا گیااور کہا گیا تھا کہ عید قربان سے قبل ملک بھر میں 700مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی، متعلقہ حکام کوعید الاضحیٰ کی ہیلتھ گائیڈ لائنز کا اجراکر دیا گیا ہے. وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی او سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے مویشی منڈیوں کا درست انتظام ضروری ہے، ملک بھرمیں مویشی منڈیاں شہروں سے باہر قائم کی جائیں گی، شہروں کے اندر کسی کو مویشی منڈی قائم کرنے کی اجازت نہیں.

اسد عمر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مویشی منڈیوں سے متعلق گائیڈ لائنز پرعملدرآمد یقینی بنائے، ملک بھر میں منڈیوں کے اوقات صبح 6 سے شام 7 تک ہوں گے اور منڈیوں میں داخلے سے قبل ماسک پہننالازم ہو گاخیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے عید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کے زیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سے ہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں.