سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 دہشتگردوں کی رہائی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا

منگل 21 جولائی 2020 16:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2020ء) سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 دہشتگردوں کی رہائی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا ہے ،عدالت عظمی نے حکومت سے دہشتگردوں کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔ منگل کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 دہشتگردوں کی رہائی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی ۔

سماعت کے دوران جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا ہوئی، ہر کیس کے اپنے شواہد اور حقائق ہیں، کیا مجرمان رہائی کے فیصلے کے بعد جیلوں میں ہیں۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مجرمان جیلوں میں قید ہیں، عدالت فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ دہشتگردوں کی رہائی بارے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرے،عدالت عظمی نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 دہشتگردوں کی رہائی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے دہشتگردوں کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 196 دہشتگردوں کی رہائی کاحکم دیا تھا۔فوجی عدالتوں میں تمام دہشتگردوں کا ٹرائل ہوا تھا ۔فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا دی گئی ۔