اسلام آباد کی 8 یونین کونسلز میں گلیوں کی پختگی کے لئے 500 ملین روپے مختص

جمعرات 30 جولائی 2020 10:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 کی 8 یونین کونسلز میں گلیوں کی پختگی کے لئے رواں مالی سال 2020-21ء کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) کے تحت داخلہ ڈویژن کے اس منصوبے کے لئے 500 ملین روپے مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی 8 یونین کونسل جن میں بوکڑہ، میرا سنبل جعفر، بڈھانہ کلاں، جھنگی سیداں، سرائے خربوزہ، ترنول، گولڑہ شریف اور شاہ الله دتہ کی یونین کونسل شامل ہیں، ان میں گلیوں کی پختگی کے منصوبے کے لئے 500 ملین روپے مختص کئے ہیں جبکہ منصوبے پر مجموعی طور پر 1500 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔