اسرائیل میں کورونا کی وبا کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی

اتوار 2 اگست 2020 15:50

اسرائیل میں کورونا کی وبا کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی
تل ابیب ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2020ء) اسرائیل میں کورونا کی وبا کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی ہے۔ اسرائیلی وزارت صحت کی طرف سے اتوار کو جاری کردہ معلومات کے مطابق صہیونی ریاست کورونا کی وجہ سے اس وقت سخت مشکل حالات سے دوچار ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزار 379 ہوگئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 1785 مریضوں کی تصدیق کی گئی۔

ایک منٹ میں اسرائیل میں کورونا کا ایک نیا مریض سامنے آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسرائیلی صحت کے حکام نے صرف جمعرات کو 20،846 ٹیسٹ کیے جن میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان میں 8.8 فیصد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب 9 اسرائیلی کورونا سے ہلاک ہوئے جس کے بعد 9 ملین آبادی والے ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 503 ہوگئی ہے۔اس وقت اسرائیل میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 26،080 جن میں سے 740 اسپتال میں داخل ہیں۔ 321 کی حالت تشویشناک ہے۔ ان میں سے 99 افراد کو وینٹی لیٹر پررکھا گیا ہے۔ اسرائیل اس وقت کورونا تیزی سے پھیلنے والے ملکوں کی فہرست میں 33 ویں نمبر پر آگیا ہے۔