افغانستان میں جیل پر حملہ، 3 ہلاک، متعدد قیدی فرار

پیر 3 اگست 2020 10:55

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) افغانستان میں مسلح افراد نے جلال آباد شہر میں ایک جیل پر حملہ کیا ہے۔ فائرنگ اور دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ متعدد قیدیوں کے فرار کی اطلاعات ہیں۔صوبہ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا سکیورٹی گارڈز پر فائرنگ سے پہلے مسلح افراد نے جلال آباد شہر میں جیل کے باہر بارود سے بھر ی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حملہ آوروں نے جیل کے قریب مارکیٹ میں پوزیشن لے رکھی ہے اور وہ سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ انہوں نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا یہ ہمارا حملہ نہیں ہے۔ ہمارے جنگجوؤں کو ابھی تک حملے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔دوسری طرف داعش نے جیل پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کو سکیورٹی ذرائع نے بتایا جلال آباد جیل میں اس وقت ایک ہزار 700 قیدی ہیں ان میں بیشتر داعش اور طالبان کے جنگجو ہیں۔