مائیکروسافٹ کے ٹک ٹاک خرید لینے کی صورت میں حکومت کو ٹیکس وصول کرنا چاہیے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

منگل 4 اگست 2020 14:32

مائیکروسافٹ کے ٹک ٹاک خرید لینے کی صورت میں حکومت کو ٹیکس وصول کرنا ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے اگر امریکی کمپنی مائیکروسافٹ چین کی وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک خرید لیتی ہے تو حکومت کو ٹک ٹاک کے امریکی یونٹ سے ٹیکس وصول کرنا چاہیے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے مائیکرو سافٹ کے سربراہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں ایپ خریدنے کی صورت میں ٹیکس کا خاطر خواہ حصے کا مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر 15 ستمبر تک ٹک ٹاک ایپ خریدنے کا معاہدہ طے نہیں پاتا تو وہ امریکہ میں ٹک ٹاک ایپ بند کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ممکنہ کوششیں کر رہے ہیں کہ اگر مائیکروسافٹ ٹک ٹاک ایپ خرید لیتی ہے تو امریکی حکومت کوٹیکس کا ایک بڑا حصہ ملنا چاہیے اور اس متعلق کسی نے بھی نہیں سوچا لیکن میں ایسا کر رہا ہوں کیونکہ میں ایسا ہی سوچتا ہوں اور میرے خیال میں یہ بہت ہی منصفانہ فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے چینی سوشل میڈیا جائنٹ بائٹ ڈانس کی ملکیت ٹک ٹاک اور دیگر پر ا لزام عائد کیا کہ وہ امریکی شہریوں کا ڈیٹا چینی حکومت کو فراہم کر رہی ہیں تاہم چینی حکومت اور ٹک ٹاک نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ چینی ایپ ٹک ٹاک امریکہ سمیت دنیا بھر میں استعمال کی جاتی ہے جسے تقریباً 2 ارب دفعہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے جن میں 16 کروڑ سے زائد مرتبہ اس ایپ کو امریکہ میں ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔