سعودی عرب پر ایک بار پھر ڈرون طیارے سے حملہ

یمن کی الحدیدہ گورنری سے بھیجا گیا ڈرون فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 اگست 2020 10:11

سعودی عرب پر ایک بار پھر ڈرون طیارے سے حملہ
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 اگست 2020ء) سعودی عرب پر ایک بار پھربمبار ڈرون طیارے سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مستعد اتحادی افواج کی جانب سے ڈرون طیارے کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی مارا گرایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یمن کی آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم کردہ عرب فوجی اتحاد نے جمعرات کے روز یمن کی الحدیدہ گورنری سے سعودی عرب پر بمبار ڈرون کی حوثیوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔

العربیہ نیوز کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے الحدیدہ گورنری سے ایک بمبار ڈرون طیارہ سعودی عرب کی طرف فضا میں بھیجا تاہم اسے فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ عرب اتحادی فوج نے یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے حملوں کی روک تھام کے لیے موثر جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی شدت پسند یمن میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سعودی عرب پر حملوں اور دہشت گردی کی کوشش کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور بارود سے لیس ڈرونز سے حملہ کیا گیا تھا، تاہم عرب اتحادی افواج کی جانب سے ان تما م میزائلوں اور ڈرونز کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائلز اور ڈرونزسے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، جو کہ کامیاب ثابت نہیں ہوئی۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اس حوال سے بتایا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بار پھر سعودی عرب کی اہم سرکاری اور شہری تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم اتحاد فورسز نے یمن کی حدود سے داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائل اور بارود سے لدے چھ ڈرونز فضا ہی میں روک کر تباہ کردئیے۔ اس طرح اہم اثاثوں اور انسانی جانوں کو خطرے میں پڑنے سے بچا لیا گیا۔