کورنگی کاز وے پانی بھر جانے کے سبب بند کر دیا گیا

شہری پولیس کی تنبہہ کوخاطر میں نہ لاتے ہوئے ندی عبور کرنے کی کوشش کرنے لگے

ہفتہ 8 اگست 2020 17:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) ملیر ندی کورنگی کاز وے پر پانی آنے کے بعد پولیس عوام کی مدد میں مصروف، شہری پولیس کی تنبہہ کوخاطر میں نہ لاتے ہوئے ندی عبور کرنے کی کوشش کرنے لگے۔ پانی میں پھنسے موٹر سائیکل سوار کو باہمت ٹریفک پولیس کے ایس او اور اہلکاروں نے بچالیا۔شہرقائد میں مون سون کا چوتھا اسپیل کھل کر برسنے لگا۔

بارش کے باعث ملیر ندی میں طغیانی آگئی کازوے پر بھی پانی آگیا جس کے بعد پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے کازوے کے دونوں ٹریک بند کردیئے مگر پولیس کی مسلسل تنبیہہ کے باوجود شہری ندی عبور کرنے میں مصروف دکھائی دیئے۔اسی دوران موٹرسائیکل سواروں نے ندی عبور کرنے کی کوشش کی اور پانی میں پھنس گئے۔ موٹر سائیکل سواروں کے ساتھ دو معصوم بچے بھی تھے۔

(جاری ہے)

ایس او ٹریفک قاسم اور پولیس پولیس اہلکاروں نے پانی میں پھنسے موٹرسائیکل سواروں اور بچوں کو بروقت ریسکیو کیا۔ موٹر سائیکل سوار کا کہنا تھا کہ دوسرا راستہ بہت دور ہے اسی لئے کازوے پار کرنے کی کوشش کی۔ایس او کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکشن قاسم کاکہنا تھا کہ شہریوں کوروکنے کی کوشش کررہے مگر لوگ جان کو خطرے میں ڈال کر کازوے عبور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب قیوم آباد سے کورنگی جانے والا ندی کے راستے پر بھی پانی آگیا ہے۔ پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے شہریوں سے جام صادق پل والا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے