ظ* بولان ، بی بی نانی کے قریب سیلاب سے متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت نہ ہوسکی

کوئٹہ، مستونگ،قلات ، پشین اور زیارت کو گیس کی فراہمی منقطع ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ

اتوار 9 اگست 2020 18:51

n کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2020ء) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے بی بی نانی کے قریب سیلاب سے متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت نہ ہوسکی، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، مستونگ،قلات ، پشین اور زیارت کو سوئی گیس کی فراہمی منقطع ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ گھریلو خواتین کو کھانا پکانے ودیگر کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے مطابق بولان کے علاقے بی بی نانی میں گزشتہ شام سیلابی ریلے سے سوئی گیس کی 24اور 12انچ قطر کی بہہ جانے والی پائپ لائنز کی بحالی کام کیلئے ٹیم پائپ لائن ٹوٹنے کے مقام تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔گیس پائپ لائن ٹوٹنے کے سبب کوئٹہ ،مستونگ، قلات، پشین، زیارت کو گیس کی سپلائی گزشتہ 30 گھنٹوں سے معطل ہے جبکہ کوئٹہ میں گیس پریشر کا مسئلہ سنگین ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

صارفین کو امور خانہ داری نمٹانے میں مشکلات درپیش ہیں، ترجمان کے مطابق سیلابی ریلہ ختم ہونے کے بعد صورتحال بہتر ہونے پر پائپ لائنز کی مرمت کا کام شروع کیا جا ئیگا واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بولان میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے شکار پور سے کوئٹہ آنے والی 2 گیس پائپ لائنیں بہا کر لے گئے پائپ لائنیں بہہ جانے کی وجہ سے مستونگ، قلات، پشین اور زیارت کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی جب کہ کوئٹہ میں بھی گیس پریشر کم ہو گیادوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق صورتحال بہتر ہونے پر پائپ لائنوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا جائے گا۔