پ*آئیسکو افسران نے جشن آزادی کے موقع پر ملازمین کو بہت بڑا تحفہ دیا

Zایک ہی سب ڈویژن کے 60ملازمین سمیت 112 کے تبادلے kایس ڈی او جی سکس سب ڈویژن کا سٹاف ریلیف کرنے سے انکار sیونین رہنمائوں کا صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کا پیغام

جمعرات 13 اگست 2020 22:25

ؓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) سپرنٹنڈنڈنگ انجینئر اسلام آباد سرکل آئیسکو نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے ملازمین کو بہت بڑا تحفہ دیدیا جس کے نتیجے میں آئیسکو جی سکس سب ڈویژن کے 60ملازمین سمیت 112ملازمین کے تبادلے کردیئے ۔تبادلوں کی خبر سنتے ہی جی سکس سب ڈویژن کے ملازمین نے اعلیٰ افسران کے خوف کی وجہ سے اپنے ڈیپارچر آرڈر ایس ڈی او کی میز پر رکھ دیئے جبکہ ایس ڈی او جی سکس سب ڈویژن نے سٹاف کو ریلیف کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ انتہائی مون سون کے موسم میں یکدم 60ملازمین کا تبادلہ ان کی سمجھ سے بالا تر ہے ۔

گزشتہ دنوں اسی سب ڈویژن کے 5ملازمین کو نوکریوں سے ڈس مس کردیا گیا تھا اور ان کے ساتھ ہی آپریشن ڈویژن ون سے ملحقہ باقی سب ڈویژنز سے 10,10ملازمین کے بھی آرڈر جی سکس سب ڈویژن کردیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ خبر سنتے ہی ملازمین میں غصے کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے احتجاج کے طور پر اپنے ریلیونگ آرڈر ایس ڈی او کی میز پر رکھے دیئے جس پر ایس ڈی او پریشان ہو گئے ۔

اس موقع پر یونین کے سرکردہ رہنمائوں نے ملازمین سے یکجہتی کے لئے 16اگست کو چیف آفس کے باہر جمع ہو کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے پروگرام کا اعلان کیا ہے جبکہ 15اگست کو آپریشن ڈویژن ون میں یونین کے سرکردہ رہنمائوں کا ایک اہم اجلاس بھی بلایا ہے جس میں انتظامیہ سے بات چیت کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے یہ تبادلے ایسے وقت میں کیے جارہے ہیں جب سی بی اے یونین کے انٹرنل انتخابات 18اگست کو ہونے ہیں جس کے لئے یونین اور انتظامیہ کے مابین پہلے ہی معاہدہ ہو چکا ہے کہ یونین کے انٹرنل الیکشن کے دنوں میں کسی بھی ملازم یا عہدیدار کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا ۔

دوسری طرف ملازمین کی ایک کثیر تعداد کاکہناتھا کہ تبدیل ہونیوالے ملازمین میں کچھ ایسے بھی ملازمین ہیں جن کی ریٹائرمنٹ کو چند ماہ رہ گئے ہیں اور چند ایسے ملازمین ہیں جو کہ جسمانی طورپر معذور ہیں ۔ان پر ظلم کا یہ پہاڑ ڈھانے کا مقصد سمجھ سے بالا تر ہے ۔