کاروبار کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کر کے پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے، صدر محمد احمد وحید

جمعہ 14 اگست 2020 12:35

کاروبار کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کر کے پاکستان کو ایک خوشحال ملک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ کاروبار کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کر کے پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے اور عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 74 واں جشن آزادی ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایمانداری، محنت اور لگن سے کام کریں اور ذاتی مفاد پر ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کا ہر فرد پاکستان کو مضبوط و مستحکم ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار اور معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے اس لئے حکومت کاروبار کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے تاکہ معیشت جلد مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف بڑھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور وطن کی سربلندی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔