آئی جی موٹروے کی ہدایت پر جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد

تقریبات کا آغاز قرآن خوانی کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لئے دعا سے کیا گیا

جمعہ 14 اگست 2020 19:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2020ء) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کی ہدایت پر ملک پاکستان کے تہتریویں یوم ِ آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے اور اس دن کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لئے موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی زیرِ نگرانی مختلف تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔

تقریبات کا آغاز قرآن خوانی کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لئے دعا سے کیا گیا ۔ بعدازاں موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میںموٹروے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم نے ڈپٹی کمانڈنٹ ایس پی غلام قادر سندھو کے ساتھ مل کر موٹروے پولیس افسران و ملازمان کی موجودگی میں یومِ آزادی کا کیک کاٹااور پاکستان زندہ باد اور کشمیر کی آزادی لے لئے فلک شگاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موٹروے پولیس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ یومِ آزادی تجدید عہد کا دن ہے یہ ملک ہمارے آباواجداد نے بہت قربانیوں سے حاصل کیا ہے اور اب یہ ہماری زمہ داری ہے کہ اس پرچم کو اقوامِ عالم میں سر بلند کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کی آزادی کا دن وزیرِ اعظم پاکستان عمران کی ہدایت پر کشمیری عوام کے لئے آزادی کی آواز بلند کر کے منایا جارہا ہے۔

کمانڈنٹ محبوب اسلم نے کہا کہ آزادی سب کا حق ہے اور کشمیری عوام کو اس حق سے اب زیادہ دیر تک محروم نہی رکھا جا سکتا۔زیرِتربیت پیٹرولنگ افسران کو تلقین کرتے ہوئے ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ افسران ہر طرح کی رواداری کا دامن تھامتے ہوئے قائداعظم کے پاکستان کو مزید مضبوط کرنے اور پچھلی نسل کی غلطیوں کو نہ دہرانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں اپنے پیارے ملک کی ترقی اور اس محکمے کی سربلندی کے لیے صرف کر دیں گے۔

یومِ پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریننگ کالج میں "دن آ جاتا ہے آزادی کا آزادی نہی آتی " کے عنوان سے زیرِتربیت افسران میں ایک تقریری مقابلہ بھی کروایا گیا۔اس تقریری مقابلہ میں اول آنے والے زیرِتربیت پیٹرول آفیسر محمد مصطفی کو انعام بھی دیا گیا۔ یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں موٹروے پولیس کی سرکاری گاڑیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔ فلیگ مارچ کئے گئے، تمام ٹال پلازوں اور اہم مقامات پر خصوصی روڈ سیفٹی سٹال لگائے گئے اور مسافروں میں قومی پرچم اور تحائف تقسیم کیے گئے