مہنگی بجلی صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ‘ افتخار بشیر

جمعرات 27 اگست 2020 14:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2020ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا کہ صنعتی شعبہ میں مہنگی بجلی صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے کیونکہ مہنگی بجلی کے باعث صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی ہونے سے ملک بھر میں ہوشربا مہنگائی بڑھ رہی ہے نیز ملکی اشیاء مہنگی ہونے سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی سے ملکی برآمدات بھی کمی کا شکار ہیں انہوںنے نیپرا کی جانب سے پچھلے کئی ماہ کے فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ کے بعد نیپرا کی جانب سے جولائی کے بلوں میں 68پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافوں کا سلسلہ ختم کیا جائے کیونکہ حکومت نے آئی پی پیز اور ونڈ انرجی پاور کمپنیوں سے بجلی سستی کرنے کے معاہدے کرلیے ہیں اس لیے آئی پی پیز معاہدوں کے مطابق بجلی فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے عوام کور یلیف دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ نیپرا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا مطالبہ مسترد کردے اور معاہدوں کے تحت عوام کو بجلی سستی کرنے کے فارمولہ پر عملدرآمد کروائے۔