چیئرمین سینیٹ سے قطر کے سفیر کی ملاقات

کوروناو باء ، علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کریں، صادق سنجرانی

پیر 31 اگست 2020 22:18

چیئرمین سینیٹ سے قطر کے سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2020ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں۔ دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قطر کے سفیر نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران اہم امور، کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال، علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا ۔کرونا وبا کے باعث عالمی و علاقائی سطح پر غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے خلاف عالمی سطح پر مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا حکومت وائرس پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عالمی وعلاقائی سطح پر پارلیمانوں پر موجودہ صورتحال میں بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا عالمی معیشتوں پر وبا کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا معاشی سرگرمیاں بحال کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے باہمی معاونت پر زور دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اہم فورمز پر دوطرفہ تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا آئی پی یو، ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور دیگر اہم امور فورمز پر مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا قطر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکتا ہے۔