کراچی کی ناگفتہ بہہ حالت کو دُرست کرنے کے لئے 1100 ارب کا ترقیاتی پیکج قابل قدر کار نامہ ہے،حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری

منگل 8 ستمبر 2020 23:29

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2020ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی کی ناگفتہ بہہ حالت کو دُرست کرنے کے لئے 1100 ارب کے مشترکہ ترقیاتی پیکج کو قابل قدر کار نامہ قرار دیا ہے اور بہت عرصہ بعد کراچی کی صورتحال کو سدھارنے کے لئے عملی اقدام ستائش کے قابل ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد جو سندھ کا دوسرا بڑا تجارتی اور صنعتی شہر ہے اور سمندری گودی کے قریب ترین ہے کی حالت کسی طرح بھی کراچی سے کچھ کم نہیں ہے یہاں کا انفرا سٹریکچر بھی بالکل تباہ ہوگیا ہے، حالیہ بارشوں میں یہاں کے بنیادی سہولتیں فراہم کرانے والے تمام ادارے جن میں حیسکو، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، واسا اور میونسپل کمیٹی قاسم آباد شامل ہیں بُری طرح ناکام ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد کے تاجروں، صنعتکاروں اور شہریوں کو کروڑوں کے گھریلو اور تجارتی سامان کا نقصان اُٹھانا پڑا ہے اور گھروں کو نقصان ہوا ہے لہٰذا وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ ہے کہ کراچی کی طرز پر حیدرآباد کے لئے بھی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں اور یہاں کے لئے بھی کوئی ہائی پاور کمیٹی تشکیل دی جائے جس کی زیر نگرانی حیدرآباد کی بحالی کا کام بخوبی انجام دیا جاسکے۔