وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اجلاس،

وزیرِاعظم کا ملک میں گندم کی دستیابی کی موجودہ تسلی بخش صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے باقاعدگی سے گندم کی ریلیز پر اطمینان کا اظہار مستقبل کی ضروریات کے حوالہ سے بروقت پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، گندم کی وافر دستیابی کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بنیادی خوراک کے ضمن میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، وزیرِاعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 ستمبر 2020 18:29

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2020ء) وزیرِاعظم عمران خان نے ملک میں گندم کی دستیابی کی موجودہ تسلی بخش صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے باقاعدگی سے گندم کی ریلیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کی ضروریات کے حوالہ سے بروقت پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، گندم کی وافر دستیابی کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بنیادی خوراک کے ضمن میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، سینیٹر شبلی فراز، سیّد فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک، وزیرِ خوراک پنجاب عبدالعلیم خان، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز جبکہ چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو گندم کی دستیابی کی صورتحال، صوبہ پنجاب کی جانب سے یومیہ ریلیز، گندم اور آٹے کی قیمت کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالہ سے گندم اور چینی کی درآمد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نجی شعبہ کی جانب سے اب تک درآمد کی جانے والی گندم کی مقدار اور آئندہ چند دنوں میں ملک میں پہنچنے والی گندم کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر نے چینی کی موجودہ قیمتوں اور درآمد کے حوالہ سے صورتحال پر بھی وزیرِاعظم کو بریفنگ دی۔ ملک میں گندم کی دستیابی کی موجودہ تسلی بخش صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے باقاعدگی سے گندم کی ریلیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کے حوالہ سے بروقت پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ گندم کی وافر دستیابی کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بنیادی خوراک کے ضمن میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نجی شعبہ کے ساتھ ساتھ ٹی سی پی کی جانب سے بھی گندم درآمد کی جائے گی۔